سری نگر، 12 جولائی : سکریٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں ملک کے تمام حصوں سے زیادہ سپورٹس انفراسٹرکچر موجود ہے اور اس کی ترقی کی رفتار بھی سب سے زیادہ تیز ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تمام تر سپورٹس سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ کھیل کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔
موصوف سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘جہاں جہاں سپورٹس سامان کی کمی ہے وہاں یہ سامان بھیجا جا رہا ہے فٹ بال، باسکٹ بال وغیر کا سامان بھیجا جا رہا ہے جس کی کافی ڈیمانڈ ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایات پر سپورٹس کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کیا جا رہا ہے۔
سرمد حفیظ نے کہا کہ ملک میں شاید کوئی ایسی جگہ نہیں ہوگی جہاں سپورٹس کا شعبہ اس قدر تیزی سے ترقی کر رہا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ سپورٹس انفراسٹرکچر جموں و کشمیر میں موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو سپورٹس کی تمام تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا منوا سکیں۔
سکریٹری نے کہا کہ جموں وکشمیر میں گذشتہ تین برسوں کے دوران سپورٹس شعبے سے غیر معمولی ترقی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال جہاں نئی سہولیات کو دستیاب رکھا جا رہا ہے وہیں پرانی سہولیات کو بھی مستحکم کیا جا رہا ہے۔
