سری نگر/جنوبی ضلع شوپیاں کے گاگرن گاوں میں جمعے کی شام کو تین غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ میں ملوث ملی ٹینٹوں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے شوپیاں کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے دوران مفرور ملی ٹینٹوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کے احکامات جاری کئے۔
ذرائع نے بتایا کہ گاگرن شوپیاں میں تین غیر مقامی مزدوروں پر حملے میں ملوث ملی ٹینٹوں کی تلاش دوسرے روز بھی جاری رہی۔ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے گاگرن گاوں کے ساتھ ساتھ آس پاس علاقوں میں چھاپہ ماری کے دوران کئی افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطر پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ذرائع نے مزید کہاکہ حملے میں ملوث ملی ٹینٹوں کی شناخت کی خاطر ہیومن اور ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کارلایا جارہا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے ضلع کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا خاص کر ان علاقوں کا جہاں پر غیر مقامی مزدور مقیم ہیں۔ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ملی ٹینٹوں کے سہولیت کاروں اور مدد گاروں کی بھی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ڈی جی پی وجے کمار نے مفرور ملی ٹینٹوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم دیا ہے۔بتادیں کہ شوپیاں کے گاگرن گاوں میں جمعے کی شام کو مشتبہ ملی ٹینٹوں نے بہار سے تعلق رکھنے والے مزدوروں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین مزدور شدید طورپر زخمی ہوئے۔تینوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر سری نگر منتقل کیا گیا جہاں پر دو صدر ہسپتال اور ایک کو بون اینڈ جو جوائنٹ ہسپتال میں بھرتی کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ایک مزدور کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔