سرینگر۔ 15؍ جولائی؛
ساون شیو راتری کے موقع پر جموں و کشمیر کے مقدس امرناتھ غار میں ہفتہ کی صبح پجاریوں نے ‘آرتی ‘ کی۔دریں اثنا شری امرناتھ شرائن بورڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ یکم جولائی کو یاترا شروع ہونے کے بعد سے 1.4 لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے گپھا کے درشن کئے۔
دریں اثنا یاتریوں کی ایک تازہ کھیپ سری نگر کے پانتھا چوک سے بالتل اور پہلگام کے جڑواں راستوں کے لیے امرناتھ غار کی زیارت کے لیے روانہ ہوئی۔اس سے پہلے، یاترا کو کئی مواقع پر روک دیا گیا تھا کیونکہ گزشتہ ہفتے میں مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے جموں سری نگر قومی شاہراہ بند ہو گئی تھی۔ہزاروں امرناتھ یاتری مقدس گپھا میں درشن کرنے کے لیے پہلگام اور بالتال کے محور کے ساتھ پہاڑی راستوں سے گزرتے ہیں۔
جموں و کشمیر کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی( دلباغ سنگھ نے جمعہ کو بیس کیمپ یاتری نواس بھگوتی نگر جموں کا دورہ کرکے امرناتھ یاترا کے یاتریوں کے لئے سیکورٹی انتظامات اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔امرناتھ گپھاکی 62 روزہ یاترا، جو بھگوان شیو کا مسکن ہے، 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ یہ مذہبی یاترا یاتریوں کے لیے ایک یادگار اور زندگی بدل دینے والا تجربہ بن جائے، تقریباً 30 سرکاری محکمے انتھک محنت سے اپنی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ افسران اور اہلکار زائرین کو ہر منزل پر ضروری خدمات اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سخت کوششیں کر رہے ہیں۔
