سری نگر،16جولائی:
وسطی ضلع گاندربل کے بالہ تل علاقے میں پیرا ملٹری فورسز کی گاڑی نالہ سندھ میں جاگری جس کے نتیجے میں اس میں سوار آٹھ اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح نلہ گار بالہ تل میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب سی آر پی ایف کی ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر نالہ سندھ میں جاگری ۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور زخمی ہوئے اہلکاروں کو طبی امداد کی خاطر بیس ہسپتال منتقل کیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
