ہندوارہ، 17 جولائی: جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ہندوارہ کے ودھ پورہ جنگل علاقے میں پیر کی علی الصبح 2 دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور ہند وارہ پولیس نے مشترکہ آپریشن کے دوران پیر کی علی الصبح ودھ پورہ جنگل علاقے میں قومی شاہراہ 701 کے نزدیک 2 آئی ای ڈیز بر آمد کیں۔
انہوں نے کہا: ‘مصدقہ ذرائع سے اطلاعات موصول ہونے پر فوج اور ہندوارہ پولیس نےاتوار کی شام ودھ پورہ جنگل علاقے میں مربوط سیرچ اور ڈسٹرکشن آپریشن شروع کر دیا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘تلاشی کے دوران 5 اور 7 کلو وزنی آئی ای ڈیز بر آمد کی گئیں جن کو جنگل میں چھپایا گیا تھا جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے موزوں حفاظتی انتظامات کے ساتھ پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا’۔
بیان میں کہا گیا: ‘آئی ای ڈیز کی مثبت شناخت فوج کی اعلیٰ تربیت یافتہ ٹیم نے کی جو دھماکہ خیز مواد ڈیٹکٹر اور آرمی ڈاگ سے لیس تھی’۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ بم ناکارہ بنانے والی ٹیم نے آئی ای ڈیز کا کنٹرول شدہ دھماکہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور ہندوارہ پولیس نے ودھ پورہ جنگل علاقے میں تلاشی آپریشن مزید آئی ای ڈیز یا چھپے ہوئے جنگجوئوں کی تلاش کے لئے آپریشن بحال کر دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکورٹی فورسز کی بر وقت کارروائی سے علاقے میں ایک بڑے واقعے کو ٹالا گیا۔