پونچھ کے علاقے سندھرا میں سیکورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن میں چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سیکورٹی فورسز کے درمیان پہلا تصادم کل رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے ہوا۔ وہیں آج صبح سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے ساتھ تصادم دوبارہ شروع ہوا۔
پونچھ: جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسز کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ پونچھ کے علاقے سندھرا میں سیکورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن میں چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سیکورٹی فورسز کے درمیان پہلا تصادم کل رات تقریباً 11:30 بجے ہوا جس کے بعد رات میں اندھیرے کے دوران آپریشن کی نگرانی کے لیے دیگر آلات کے ساتھ ڈرون کو بھی تعینات کیا گیا۔ بھارتی فوج کے اہلکار کے مطابق آج صبح سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے ساتھ تصادم دوبارہ شروع ہوا۔ بھارتی فوج کی اسپیشل فورسز، راشٹریہ رائفلز اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکار دیگر فورسز کے ساتھ اس آپریشن کا حصہ تھے۔
آپریشن میں مارے جانے والے عسکریت پسند زیادہ تر غیر ملکی عسکریت پسند ہیں اور ان کی شناخت کی جا رہی ہے۔ بتادیں کہ پیر کے روز فوج نے جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر سرحدی ضلع پونچھ علاقے میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔ اس دوران دو دراندازوں کو ہلاک بھی کر دیا گیا۔ جموں میں مقیم فوج کے دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پیر کی صبح پونچھ علاقے میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں فوج اور جموں کشمیر پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراندازی کی کوشش کے دوران دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
