سری نگر/ جنوبی ضلع اننت ناگ کے چیک ڈاڈو بجبہاڑہ میں جمعرات کی شام کو اچانک تیندوا نمودا رہوا جس نے دو سالہ بچے کو اٹھا کر جنگل کی طرف لیا اور وہاں پر اس کی چیر پھاڑ کی ۔معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں نے گر چہ فوری طورپر تیندوے کا پیچھا کیا اور دو سالہ بچے کو نازک حالت میں ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی ضلع اننت ناگ کے چیک ڈاڈو بجبہاڑہ میں جمعرات شام دیرگئے اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب تیندوے نے رہائشی مکان کے صحن سے دو سالہ بچے جس کی شناخت برہان ظہور ولد ظہور احمد خان کے بطور ہوئی ہے کو اٹھا کر جنگل کی طرف لے گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ چیخنے کی صدائیں بلند ہونے کے ساتھ ہی مقامی لوگوں نے تیندوے کا پیچھا کیا اور گھنے جنگلی علاقے میں دو سالہ بچے کو زخمی حالت میں برآمد کرکے فوری طورپر ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکا۔
جوں ہی علاقے میں دو سالہ بچے کو تیندوے کی جانب سے نوالہ بنانے کی خبر پھیل گئی تو لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے اور پورا علاقہ ماتم کدے میں تبدیل ہوا۔
مقامی لوگوں نے وائلڈ لائف حکام سے علاقے میں پھندے نصب کرنے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ لوگوں کا ماننا ہے کہ ایک بچے کو اٹھانے کے بعد آدم خور تیندواعلاقے میں پھر سے نمودا رہو سکتا ہے جس کے پیش نظر فوری طورپر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔
