سری نگر، 22 جولائی : محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران ضلع کٹھوعہ میں بھاری بارشوں کے مرحلوں کا بھی امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں 23 جولائی کو کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں 24 اور 25 جولائی کو موسم جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بھی کہیں کہیں بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ 26 سے 28 جولائی تک موسم کی کم و بیش یہی صورتحال قائم رہ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران8.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 25.8 ملی میٹر، پہلگام میں 10.1 ملی میٹر، گلمرگ میں 4.4 ملی میٹر، جموں میں 0.2 ملی میٹر، بھدرواہ میں5.6 ملی میٹر اور بٹوٹ میں 3.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
دریں اثنا وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں کہیں اضافہ تو کہیں گراوٹ درج ہوئی ہے۔
