جموں، 24جولائی:
جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں کے کچی چھاونی علاقے میں اتوار دیر رات شیو سینا (ہندوستان) نامی تنظیم کے صدر راجیش قیصری کے رہائشی مکان کے باہر پر اسرار دھماکہ ہوا جس کے بعد پولیس ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
اطلاعات کے مطابق شیو سینا ہندوستان کے ریاستی صدر راجیش قیصری ساکن کچی چھاونی جموں کے رہائشی مکان کے باہر اتوار کی رات کو ایک زور دار دھماکہ ہوا جس وجہ سے لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے۔
راجیش قیصری نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ اتوار دیر شام وہ غسل خانے میں تھا کہ اسی دوران باہر زور دار دھماکہ ہوا۔
انہوں نے بتایاکہ پولیس کو اس بارے میں مطلع کیا چنانچہ بم ڈسپوزل اسکارڈ اور پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور تحقیقات شروع کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رات بھر پولیس ٹیم رہائشی مکان کے باہر ہی تعینات رہی ۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ان ہی لوگوں کا کام ہے جو دہشت گردی کے ذریعے لوگوں کو ڈرا رہے ہیں۔
