سری نگر، 25 جولائی:
صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری کا کہنا ہے کہ حکومت سری نگر کے دو روٹس پر محرم کے جلوسوں پر دہائیوں سے عائد پابندیوں کو ہٹانے پر سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام پہلوئوں کو دیکھ رہے ہیں اور اس سلسلے میں ہر سطح پر میٹنگیں ہو رہی ہیں۔موصوف صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ کیا۔
انہوں نے کہا: ‘سری نگر میں دو روٹس پر 8 اور 10 محرم کے جلوسوں پر پابندی ہٹانے کے لئے ہر سطح پر میٹنگیں ہو رہی ہیں، ہم اس پر سنجیدہ ہیں،سارے پہلوئوں کو دیکھا جا رہا ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہم نے شعیہ برادری سے کہا ہے کہ وہ ان جلوسوں میں کون شرکت کرے گا اور کتنے لوگ شرکت کریں گے، کے بارے میں تفصیلات فراہم کریں اور اب بال ان ہی کی عدالت میں ہے’۔
مسڑ بدھوری نے کہا کہ اگر کوئی یہاں امن خراب کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہاں لوگوں کی سخت محنت کے بعد امن قائم ہوا ہے۔سمارٹ سٹی پروجیکٹس کے متعلق پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ تمام پروجیکٹوں کو اسی سیزن میں مکمل کیا جائے گا۔
