سری نگر، 4اگست:
جنوبی ضلع کولگام کے جنگلی علاقے ہالن میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔
اطلاعات کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جمعے کی سہ پہر کو کولگام کے جنگلی علاقے ہالن کو محاصرے میں لے کر جوں ہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھھند فائرنگ شروع کی۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا اور پورا علاقہ گولیوں کی گن گرج سے لرز اٹھا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر سراغ رساں کتوں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے جنگلی علاقے میں نگرانی کا عمل تیز کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں تین سیکورٹی فورسز کے اہلکار زخمی ہوئے جن جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ جنگلی علاقے میں جنگجووں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال ریفر کیا گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم منزگام ہالن کے مقام پر ہے اواور یہ سیاحتی مقام اہر بل سے کچھ دوری پر ہی واقع ہے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔