سری نگر/07؍اگست:
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نےسری نگر میں ہندوستان اور اے بی پی نیوز نیٹ ورک کے زیر اہتمام ہندوستان شیکھر سماگم ’’ بدلتے کشمیر کی بلند آواز‘‘ میں شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر یوٹی کے تبدیلی کے سفر ، سماجی و اِقتصادی منظر نامے اور گزشتہ چند برسوں میں تمام شعبوں میں رجسٹرڈ غیر معمولی ترقی کا اِشتراک کیا۔اُنہوں نے کہا،’’ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی رہنمائی میں جموںوکشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مسلسل تین برسوں میںمختلف شعبوں میں تیز رفتار ترقی جموںوکشمیر یوٹی کی تاریخ میں بے مثال ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ لوگ اَپنے روشن مستقبل کے لئے متحد ہیں اور اَپنے خوابوں کا ایک نیا جموں وکشمیر بنانے کے لئے پُر عزم ہیں۔نوجوان اَپنی صلاحیتوں او رہنر کا ادراک کرنے کے لئے تمام مواقع تلاش کر رہے ہیں اور معاشرے کی ترقی کی اُمنگوں کاسپورٹ بھی کر رہے ہیں۔ خواتین ، کسان ، قبائلی ، پسماندہ ، غریب اور کمزور طبقے سماجی اور اِقتصادی طور پر بااِختیار ہو رہے ہیں۔‘‘
اُنہوں نے سلامتی منظر نامے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کی ریکارڈ آمد ، صنعتی سرمایہ کاری ، جی ۔20سربراہی اجلاس کے کامیاب اِنعقاد اور جموںوکشمیر یوٹی میں دیگر قومی اور بین الاقوامی تقریبات نے دُنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ جموںوکشمیر پُر اَمن ہے اور آگے بڑھ رہا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ ہماری دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے او رہم دہشت گردی ، علیحدگی پسندی اور تنازعات کے منافع خوری کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کے لئے پُر عزم ہیں ۔ ہم ایک حد تک کامیاب رہے ہیں اور لوگ اَپنی زندگی بغیر کسی خوف کے گزار رہے ہیں۔‘‘ اُنہوں نے کہا کہ آج جموںوکشمیر ملک کی دیگر ریاستوں اور یوٹیز کے لئے مثال ہے۔اُنہوں نے کہا کہ شفاف، جواب دہ حکمرانی کے نظام اور سرکاری خدمات تک بغیر کسی رُکاوٹ کے رَسائی نے لوگوں کی زندگی میں آسانی پیدا کی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ دُنیا بھر کے بڑے کاروباری اور کمپنیاں جموںوکشمیر میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں ۔ تعلیم ، صحت ، زراعت اور اِس سے منسلک شعبوں ، صنعتوں ، بنیادی ڈھانچے ، رابطے ، بجلی ، مہمان نوازی ، دستکاری ، محصولات ، فلموں ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ، کھیلو ں اور دیگر شعبوں میں اِصلاحات نے جموںوکشمیر اور اِس کے لوگوں کے روشن اور خوشحال مستقبل کی ایک مضبوط بنیاد رکھی ہے۔اُنہوں نے سیکورٹی فورسز اور پولیس کے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ڈیوٹی کے دوران اَپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی میں اَمن اور محفوظ ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے ہم ہمیشہ اَپنی بہادر پولیس ، فوج ، سی اے پی ایف کے اہلکاروں کے مقروض رہیں گے۔
اِس موقعہ پر جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران ، پولیس ، سیکورٹی فورسز ، ماہرین ، سینئر صحافی ، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات ، نوجوان او ربڑی تعدادمیں لوگ موجود تھے۔