سری نگر۔8اگست:
یوم آزادی کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص سری نگر میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ سری نگر میں کئی مقامات بشمول تجارتی مراکز تاریخی لالچوک، جہانگیر چوک، بتہ مالو وغیرہ میں سیکورٹی فورسز نے ناکے لگائے ہیں جہاں لوگوں کی جامہ تلاشی لی جا رہی ہے اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پیدل سفر کرنے والوں کو بھی ان ناکہ پوائنٹس پر روکا جاتا ہے اور ان کی جامہ تلاشی لی جاتی ہے اور گاڑیوں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو بھی روکا جاتا ہے اور ان کی تلاشی اور پوچھ چھ کی جاتی ہے۔موصوف نے کہا کہ کئی مقامات پر اضافی چیک پوائٹس قائم کئے گئے ہیں۔دریں اثنا پولیس نے سری نگر اور گرد و نواح علاقوں کی فضائی نگرانی کے لئے ڈرونز کا استعمال کیا۔حکام نے بتایا کہ 15 اگست کے پیش نظر سول لائنز علاقوں کی ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی کی جارہی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘فضائی نگرانی کا یہ سلسلہ 15 اگست تک جاری رہے گا۔ ان ڈرونز کی مدد سے ہم کسی بھی تخریبی منصوبے کو ٹال سکتے ہیں’۔
ذرائع نے بتایا کہ شہر سری نگر میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لا کر راہگیروں اور گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پوری وادی میں سیکورٹی فورسز کو چوکس رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں تاکہ جنگجووں کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔