جموں: سری نگر- جموں قومی شاہراہ بند ہونے کے پیش نظر بدھ کے روز جموں کے بھگوتی نگر بیس کمیپ سے یاتریوں کا کشمیر روانہ ہونے کا سلسلہ معطل رہا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رام بن میں قومی شاہراہ مٹی کا تودا گر آنے کی وجہ سے بند ہونے کے پیش نظر یاتریوں کی جموں سے سری نگر اور سری نگر سے جموں روانگی کا سلسلہ بدھ کو بند رہا۔
انہوں نے کہا کہ یاتریوں کے کشمیر روانہ ہونے کا سلسلہ شاہراہ بحال ہونے تک بند رہے گا۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘رام بن میں ٹی 2 مروگ پر ایک بھاری بھرکم مٹی کا تودا گر آنے کی وجہ سے قومی شاہراہ پر ٹریفک بند کر دیا گیا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر بحالی کا کام جاری ہے اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ بحالی کا کام مکمل ہونے تک شاہراہ پر سفر اختیار کرنے سے اجتیاب کریں۔
بتادیں کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی اس سالانہ یاترا کے لئے اب تک زائد از ساڑھے چار لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔
سال گذشتہ صرف 3 لاکھ 60 ہزار یاتریوں نے ہی پوتر گھپا کا درشن کیا تھا۔
62 دنوں پر مھیط یہ یاترا 31 اگست کو شرون پورنیما کے مقدس موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔