بارہمولہ:منشیات کی وبا کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے بارہمولہ میں 4 بد نام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف مہم کو سخت کرتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے چار بد نام زمامہ منشیات فروشوں کے خلاف مجاز اتھارٹی سے باقاعدہ اجازت حاصل کرنے کے بعد پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا۔
انہوں نے ان منشیات فروشوں کی شناخت محمد نصیر بھٹی ولد نذد الدین ، محمد ریاض کھانڈے ولد محمد شریف ساکنان کمل کوٹ اوڑی اور محمد حفیظ عباسی ولد عبد الرشید اور زاہد حسین عباسی ولد سجوال خان ساکنان گوہالٹی اوڑی کے بطور کی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ان چاروں کو حراست میں لے کر سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں بند رکھا گیا ہے۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ ان منشیات فروشوں کے خلاف کئی مقدمے درج ہیں اور یہ لوگ کمل کوٹ، گوہالٹی اور ضلع بارہمولہ کے دوسرے علاقوں میں منشیات اسمگلنگ کو فروغ دینے اور نوجوانوں میں منشیات تقسیم کرنے میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ کئی کیسوں میں ملوث ہونے کے باوجود یہ منشیات فروش اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے۔
دریں اثنا پولیس نے بارہمولہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کیا۔
بارہمولہ پولیس نے ٹویٹ کرکے کہا: ‘پولیس نے نہال پورہ پٹم میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا’۔ٹویٹ میں گرفتار شدہ کی شناخت سرتاج میر کے بطور کی گئی ہے۔
پولیس نے ٹویٹ میں کہا کہ گرفتار شدہ کی تحویل سے 15 کلو خشخاش کا بھوسہ جیسا مواد بر آمد کیا ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا ہے۔