جموں،03ستمبر:
جموں وکشمیر کے ادھم پور ضلع کے پنچاری تحصیل میں آدم خور تیندوے نے چار سالہ کمسن بچی کو نوالہ بنایا ۔
اطلاعات کے مطابق ادھم پور کے پنچاری تحصیل کے اپر بانجالہ گاوں میں تیندوے نے چار سالہ بچی کو گھر سے اٹھا کر جنگل کی طرف لے گیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں اور وائلڈ لائف محکمہ کے اہلکاروں نے فوری طورپر تلاشی آپریشن شروع کیا اور بعد ازاں بچی کی لاش برآمد کی گئی ۔متوفی چار سالہ بچی کی شناخت تانو کے بطور ہوئی ہے۔
رینج آفیسر راکیش شرما نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی جانب سے انہیں اطلاع موصول ہوئی کہ تیندوے نے ایک بچی کو اپنے ساتھ لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی وائلڈ کی ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیااور بعد ازاں بچی کی لاش پاس کے علاقے سے برآمد کی گئی۔
ان کے مطابق تیندوے کوپکڑنے کی خاطر جگہ جگہ پھندے نصب کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں جنگلی جانوروں کے حملوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ گر چہ محکمہ کی جانب سے دعوئے کئے جارہے ہیں کہ جنگلی جانوروں کو پکڑنے کی خاطر اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم اس کے باوجود بھی آئے روز تیندوے اور ریچھ لوگوں کو نوالہ بنا رہے ہیں۔