بارہمولہ/ایچ پی ایل، ٹی 20، سیشن 17 کرکٹ ٹورنامنٹ جس کا اہتمام مقامی لوگوں نے سوپور میں کیا تھا، اس ٹورنامنٹ کا فائنل میچ لالہ 11 سوپور اور سیر کے درمیان کھیلے جانے کے بعد رنگا رنگ اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔سیکرٹری سپورٹس کونسل جموں و کشمیر نزہت گل اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔ سوپور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شبیر نواب، فیاض احمد ملک کے علاوہ دیگر معززین نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ٹورنامنٹ میں ضلع کے مختلف علاقوں سے بتیس ٹیموں نے بڑے جوش، جذبے اور بہادری کے ساتھ حصہ لیا۔اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس کونسل نے فائنل کھیلنے پر دونوں ٹیموں کو شاباشی دی اور جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔
انہوں نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں بھی پیش کیں۔ دونوں ٹیموں کو بالترتیب 40,000/- اور 20,000/- کے نقد انعامات سے نوازا گیا۔ مزید یہ کہ مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے کو ایک لاکھ روپے نقد دیے گئے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے اور ان کی رہنمائی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ صرف کھیل ہی نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھ سکتے ہیں۔سیکرٹری سپورٹس نے کہا کہ ضلع بھر میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ ضلع کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔بعد ازاں ایس ایس پی سوپور نے ٹورنامنٹ کے دوران حصہ لینے والی ٹیموں کی ان کے کھیل اور جوش و جذبے کو سراہا۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ دوسروں کو اپنی زندگی میں کھیلوں کی عادت ڈالنے کی ترغیب دیں۔