سری نگر:۹،ستمبر:
سیکورٹی فورسز کو مطلوب ایک ملی ٹنٹ کو جمعہ کے روز پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں ایک مسجد کے اندر نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اس سال سرحد پار سے کام کرنے والے کسی اعلیٰ دہشت گرد کمانڈر کی یہ چوتھی ہلاکت ہے۔ مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق کالعدم تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ ریاض احمد عرف ابو قاسم کوجمعہ کے روز پاکستانی زیر کنٹرول کشمیر کے راولاکوٹ علاقے کی القدوس مسجد میں نامعلوم افرادنے نزدیک سے گولیوںکا نشانہ بناکر ہلاک کردیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق وہ کوٹلی سے راولاکوٹ آیاتھا،اوروہ یہاں نماز فجر کے وقت نامعلوم افراد کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگیا۔سیکورٹی حکام کے مطابق ریاض احمد عرف ابو قاسم یکم جنوری2023 کوراجوری کے ڈھانگری گاؤںمیں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے اہم سازشیوں میں سے ایک تھا۔حکام نے بتایاکہ راجوری ضلع کے ڈھانگری گاو ¿ں میں دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ میں 7 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔سیکورٹی حکام کے مطابق اصل میں جموں خطے کے سرنکوٹ پونچھ سے تعلق رکھنے والا ریاض احمدعرف ابوقاسم سال1999میں سرحدپر چلاگیا،اوروہاں اُس نے کالعدم تنظیم لشکر طیبہ میں شمولیت اختیار کی ،اور وہ اس تنظیم کاایک اہم کمانڈر تھا۔
سیکورٹی حکام کاماننا ہے کہ پونچھ اور راجوری کے جڑواں سرحدی اضلاع میں دہشت گردی کے احیاءکے پیچھے ریاض عرف ابوقاسم کا دماغ سمجھا جاتا تھا،اوراس اعتبار اسکی ہلاکت دونوں اضلاع میں موجود ملی ٹنٹوں کیلئے حوصلہ شکن ثابت ہوگی جبکہ سیکورٹی فورسزکو آنے والے دنوںمیں راجوری اور پونچھ اضلاع میں باقی بچے دہشت گردوںکا خاتمہ کرنے میں کامیابی حاصل ہوگی ۔قابل ذکر ہے کہ ابو قاسم رواں سال سرحدپار نامعلوم افراد کے ہاتھوں ہلاک ہونے والاچوتھا کمانڈر ہے ۔
اسے پہلے مارچ2023 میں، کالعدم حزب المجاہدین کے ایک اعلیٰ کمانڈر کو پاکستان کے راولپنڈی میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔بشیر احمد پیر عرف امتیاز عالم جن کا تعلق جموں و کشمیر کے کپواڑہ ضلع سے ہے۱۵ سال سے زیادہ عرصے سے پاکستان میں مقیم تھا۔اس پر مئی2019 میں کشمیر میں القاعدہ کی شاخ’ انصار غزوات الہند ‘کے چیف کمانڈر ذاکر موسی کو مارنے کا الزام تھا۔فروری 2023میں البدر مجاہدین کے سابق کمانڈر سید خالد رضا کو بندرگاہی شہر کراچی میں نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، جسے پولیس نے ٹارگٹ حملہ قرار دیا تھا۔عالمی دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ کے ایک اعلیٰ کمانڈر کے طور پر کام کرنے والا کشمیری دہشت گرد اعجاز احمد آہنگر اس سال کے شروع میں افغانستان کے صوبہ کنڑ میں مردہ پایا گیا تھا ،وہمبینہ طور پر طالبان کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔