جموں:وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان اور آرمی چیف جنرل منوج پانڈے فوج کی طرف سے 11 ستمبر یعنی آج سے منعقد ہونے والے تین روزہ نارتھ ٹیک سیمینار میں شرکت کرنے والے ہیں۔ وزیر دفاع کل جموں پہنچ کر اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔ جب کہ آرمی چیف آج ہی جموں کے اس سمپوزیم میں شرکت کریں گے۔
50 اسٹارٹ اپ سمیت 250 سے زائد کمپنیوں کی اس سمپوزیم میں شرکت متوقع ہے۔ جو جموں کے مضافات میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (IIT) کیمپس میں اپنے فوجی ساز و سامان کی نمائش کریں گی۔ نارتھ ٹیک سیمینار 11 ستمبر کو شروع ہوگا اور 13 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا.
دفاعی ترجمان نے کہا کہ وزیر دفاع، ٹیکنالوجی اور خلائی کے مرکزی وزیر مملکت، جموں و کشمیر اور لداخ کے لیفٹیننٹ گورنرز، چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور آرمی چیف اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیمینار پروڈکٹ کی تشخیص، ترجیح اور حصول کے لیے ایک منظم انداز میں سہولت فراہم کرتا ہے جب کہ حصولی (پروکیورمنٹ) کے منصوبوں میں قابل عمل معلومات فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے نارتھ ٹیک سمپوزیم کے ارتقاء پر بھی روشنی ڈالی، جس کا آغاز 2005 میں ساز وسامان، خیالات، اختراعات اور مظاہروں کے مرکب کے طور پر ہوا تھا، لیکن اس کے بعد سے اس نے اپنی توجہ جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور خود انحصاری کو فروغ دینے کی طرف مرکوز کر دی ہے۔