سری نگرْ محکمہ موسمیات نے یہ واضح کیاکہ 15ستمبرتک کشمیرمیں گرمی کی لہر برقراررہے گی ،اور یہ کہ20ستمبرتک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کاامکان نہیں ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں قائم ہندوستانی محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکزکے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کہاکہ جموں وکشمیر بشمول وادی میں 15ستمبرتک گرمی کی لہر برقراررہے گی۔انہوںنے کہاکہ خشک موسمی صورتحال بالخصوص ماہ اگست سے کشمیرمیں درجہ حرارت میں اضافہ ہونا کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے ۔ماہرموسمیات ڈاکٹر مختار کاکہناتھاکہ کشمیر وادی بالخصوص سری نگرمیں ماہ ستمبر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت کاریکارڈ35ڈگری سینٹی گریڈ رہاہے ۔انہوںنے بتایاکہ امسال10ستمبر کو سری نگرمیں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔
ڈاکٹر مختار کاکہناتھاکہ اتوار کوپوری کشمیر وادی میں درھہ حرارت معمول سے4تا4.5ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ درج ہوا۔انہوںنے کہاکہ رواں گرمی کی لہر15ستمبرتک جاری رہے گی جبکہ ستمبرتک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کاامکان نہیں ہے ۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکزکے ڈپٹی ڈائریکٹر نے مزید کہاکہ 17اور18ستمبر کو کہیں کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے ،تاہم رواں موسمی صورتحال میںکسی بڑی تبدیلی کافوری طور پریامستقبل قریب میں کوئی امکان نظر نہیں آتاہے ۔انہوںنے پھرکہاکہ خشک موسمی صورتحال جاری رہنے تک درجہ حرارت اور گرمی کی شدت میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔