سرینگر۔ 16؍ ستمبر:
جموںو کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج بخشی اسٹیڈیم سری نگر میں برن ہال اسکول کے سالانہ اسپورٹس میٹ کا افتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ "کھیل نہ صرف تفریح کا ایک ذریعہ ہے بلکہ یہ مہارت، تجربے کو بھی تشکیل دیتا ہے اور طلباء کے لیے اپنے شوق کی پیروی کرنے کے لیے صحیح راستہ ہموار کرتا ہے۔”انہوں نے اساتذہ اور والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی مجموعی فلاح و بہبود اور ہمہ گیر ترقی کے لیے ان میں کھیلوں اور بیرونی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ "ہمیں ایک مضبوط کھیل اور فٹنس کلچر بنانا ہوگا اور کھیلوں کو اسکول کے نصاب کا لازمی حصہ بنانا ہوگا تاکہ سماجی مہارتوں، ٹیم ورک کو شامل کیا جاسکے اور بہت چھوٹی عمر میں ہی کھیلوں کی صلاحیتوں کی نشاندہی کرنے کے لیے کردار سازی اور میکانزم کی مضبوط بنیاد رکھی جائے۔قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر نے اسکول کے طلباء کے شاندار مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا اور سلامی لی۔برن ہال سکول کے پرنسپل سٹالن راجہ نے رپورٹ پیش کی اور سکول کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔