نئی دہلی /27دسمبر :
مرکزی سرکار نے ایک اور بڑے فیصلہ کے تحت نظر بند علیحدگی پسند رہنما مسرت عالم بٹ کی قیادت والی جموں کشمیر مسلم لیگ کو غیر قانونی دیکر اس پر پانچ سال کی پابندی عائد کر دی ہے ۔ اسی دوران وزیر داخلہ امیت شاہ نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت والی حکومت کا پیغام بلند اور واضح ہے کہ جو بھی ملک کے اتحاد، خودمختاری اور سالمیت کے خلاف کام کرے گا اسے بخشا نہیں جائے گا اور اسے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا ۔
سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق مرکزی سرکار نے جموں کشمیر مسلم لیگ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے پانچ سالوں کیلئے اس جماعت پر پابندی عاید کر دی ہے ۔ اس کی تصدیق کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ’’ یہ تنظیم اور اس کے ارکان ملک دشمن اور علیحدگی پسند سرگرمیوں میں ملوث ہیں جو دہشت گرد سرگرمیوں کی حمایت کرتے ہیں اور لوگوں کو جموں و کشمیر میں اسلامی حکومت قائم کرنے کیلئے اکساتے ہیں‘‘۔
انہوں نے مزید لکھا’’مسلم لیگ جموں کشمیر (مسرت عالم دھڑا)/کو UAPA کے تحت ایک ’’غیر قانونی ایسوسی ایشن‘‘ قرار دیا گیا ہے۔امیت شاہ نے مزید لکھا ’’ وزیر اعظم مودی کی قیادت والی حکومت کا پیغام بلند اور واضح ہے کہ جو بھی ملک کے اتحاد، خودمختاری اور سالمیت کے خلاف کام کرے گا اسے بخشا نہیں جائے گا اور اسے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا ۔
