نئی دہلی 07جنوری:
وزیر اعظم مودی نے ڈی جی پیز کانفرنس میں شرکت کے دوران پولیس سربران پر زور دیا کہ وہ اندرونی سلامتی ، سابیئر سیکورٹی پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی نے کانفرنس میں شرکت کے دوران پولیس سربراہان سے ایک خصوصی میٹنگ بھی کی جس میں وزیر داخلہ امیت شاہ ، قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال بھی موجود رہے۔ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کو ملک کی اندرونی سلامتی اور درپیش چیلنجوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔ معلو ہوا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے سابیئر سیکورٹی کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ذرائع کے مطابق سبھی ریاستوں اور یونین ٹریٹریز کے پولیس سربراہان نے وزیر اعظم کو اپنی اپنی ریاستوں اور یونین ٹریٹریز کی اندرونی سلامتی کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہاکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی خاطر مزید سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم مودی نے پولیس سربراہان اور ڈی جی پیز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ نئے چیلنجز سے نمٹنے کی خاطر جدید ٹیکنالوجی کوبروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی نیٹ ورک کو پوری طرح سے ختم کرنے کی خاطر بھی کارگر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو پوری طرح سے ناکا م بنایا جاسکے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹرولنس کی پالیسی پرکاربند ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک دشمن عناصر کے ساتھ سختی کے ساتھ نپٹنے کی ضرورت ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس سربراہان سے لگ بھگ تین گھنٹے طویل ملاقات کے دوران مختلف مسائل زیر بحث آئے جن میں دہشت گردی ، سابیئر سیکورٹی ، اندرونی سلامتی اور دیگر اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر جموں وکشمیر کی صورتحال پر بھی پولیس سربراہ آر آر سوئن کے ساتھ بھی گفت وشنید کی۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس سربراہ نے وزیر اعظم کو جموں وکشمیر کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردی اور اس کے ماحولیاتی نیٹ ورک کو ختم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام شروع کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران سیکورٹی فورسز کو اہم کامیابیاں مل پائی ہیں جس وجہ سے دہشت گرد تنظیموں میں حوصلہ شکنی پائی جارہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈی جی پیز اور آئی جی پیز کی سالانہ کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امیت نے خطاب کیا ۔
