سرینگر / :جموں وکشمیرکے لیفٹنٹ گورنرمنوج سنہا نے قومی یوم سیاحت کے موقعہ پراپنی جانب سے ایک مختصر پیغام جاری کیا ۔جمعرات کو سماجی ویب سائٹ ’ایکس ‘پر اپنے ایک پوسٹ میں لیفٹنٹ گورنر نے لکھا’جنت میں خوش آمدید! قومی یوم سیاحت کے موقع پر، میں مسافروں، متلاشیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ جموں و کشمیر کا دورہ کریں اور قدرتی خوبصورتی، بہترین کھانوں، متحرک ثقافت، غیر معمولی منزلوں کی حتمی سکون اور تاریخ سے لطف اندوز ہوں‘‘۔خیال رہے بین الااقوامی سطح پر27ستمبر کو منایا جاتاہے جبکہ بھارت میں قومی یوم سیاحت منانے کیلئے25جنوری کادن مقررہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 2برسوں کے دوران جموں وکشمیرکے شعبہ سیاحت کو کافی فروغ ملا کیونکہ تقریباً4کروڑ ملکی اور غیر ملکی سیاح سیروتفریح کیلئے جموں وکشمیر وارد ہوئے ،جن میں سے سال 2023میں سرکاری اعداد وشمار کے مطابق تقریباً2کروڑ سے زیادہ قدرتی نظاروں اور پُرفریب سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہونے کیلئے جموں وکشمیر وارد ہوئے ،تاہم امسال وقت پر برف باری نہ ہونے کی وجہ سے سرمائی سیاحت کو کافی دھچکا لگا ہے اور بڑی تعدادمیں سیاحوںنے کشمیرمیں قائم ہوٹلوں اور جھیل ڈل میں موجود ہائوس بوٹوںمیں اپنی بکنگ منسوخ کردیں۔
