سری نگر/ 02؍فروری:
صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے شب معراج او راس کے بعد جمعہ کی تقریب سعید کے سلسلے میں اہم مذہبی مقامات پر اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر نے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام شہری سہولیات بشمول پینے کے پانی، بجلی، طبی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
اس کے علاوہ درگاہوں، خانقاہوں،مساجدبالخصوص آثارِشریف حضرت بل، آثارِشریف کلاشپورہ، جناب صاحب صورہ ، زیارت شریف کعبہ مرگ ،زیارت شریف خرم اننت ناگ ، زیارفت شریف مکہامہ ،زیارت احم شریف بانڈی پورہ میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائیںجہاں شب معراج کی رات کو نماز ادا کرنے کے لئے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد جمع ہوتی ہے۔
میٹنگ میںضلع ترقیاتی کمشنروں، ایف سی ایس اینڈ سی اے، ہیلتھ سروسز، پی ڈی ڈی، پی ایچ ای، آر اینڈ بی، ایس ایم سی، سینی ٹیشن، ہارٹی کلچر ڈیپارٹمنٹ، ایس آر ٹی سی، محکمہ ٹریفک اور پولیس کے افسران نے شرکت کی۔اس موقعہ پرصوبائی کمشنر نے پی ڈی ڈی کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اِس کے علاوہ ایس ایم سی کو سٹریٹ لائٹس کے کام کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔
اِسی طرح پی ایچ ای سے کہا گیا کہ وہ تمام مذہبی مقامات پر پینے کے پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ درگاہ حضرت بل میں پانی کے ٹینکروں کی دستیابی کو یقینی بنائے۔اِس کے علاوہ آر ٹی سی سے کہا گیا ہے کہ وہ آثارِ شریف حضرت بل تک تمام منسلک راستوں کے ذریعے بالخصوص شب( رات کی نماز) کے دوران مناسب ٹرانسپورٹیشن کا انتظام کرے اور گاڑیوں کے مالکان کی سہولیت کے لئے پارکنگ ائیریاز کی نشاندہی کرے،صوبائی کمشنر نے ہدایت دی کہ نماز کی ادائیگی کے بعد عقیدت مندوںکے لئے اضافی تعداد میں بسیں الاٹ کی جائیں۔اُنہوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں اوربنیادی ڈھانچے کی حفاظت کے لئے مخصوص مقامات کے قریب فائر ٹینڈر تعینات کریں۔
ایس ایم سی کے متعلقہ افسر کو زیارت گاہوں اور مساجد میں صفائی مہم چلانے کے علاوہ درگاہ حضرت بل میںکتوں کو پکڑنے کے لئے ایک ٹیم کو ٹاسک دینے کی ہدایت دی گئی۔مزید برآں، اُنہوں نے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کی ٹیم، ایمبولینسوں کے ساتھ، تمام متذکرہ مقامات پر بالخصوص آثار شریف حضرت بل میں تعینات کرنے پر زور دیا۔
اِس کے علاوہ تمام ضلع ترقیاتی کمشنروںسے کہا گیا کہ وہ اَپنے متعلقہ اضلاع میں بالخصوص اہم مذہبی مقامات پر شب معراج کے پیش نظر اِنتظامات کا جائزہ لیں اور عوام کی سہولیت کے لئے تمام شہری سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔پولیس افسران کو حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ ٹریفک پولیس سے کہا گیا کہ وہ نشاندہی شدہ راستوں پر ٹریفک کی ہموار آمدورفت کے لئے مناسب پلان ترتیب دیں۔
