جموں/سابق قانون سازوں کے ایک وفد نے راج بھون میں شیڈول کاسٹ کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔
سابق وزیر ڈاکٹر ڈی کے منیال کی قیادت میں وفد کے ارکان نے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ شیڈول کاسٹ کمیونٹی کی ہمہ جہت ترقی کے لئے یوٹی اِنتظامیہ کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اُنہوں نے سماجی اِنصاف، خواتین، نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور کمیونٹی کی سماجی و اِقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت والی جموں و کشمیر اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا۔
وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو پروموشن میں ریزرویشن، جموں میں تعینات ایس سی ملازمین کے لئے جامع ٹرانسفر پالیسی ، ریزرویشن کوٹا میں اِضافہ اور جموںوکشمیر یوٹی میں ایس سی کمیونٹی کے لئے ایک لوک سبھا سیٹ کا ریزرویشن سمیت شیڈول کاسٹ کمیونٹی کے مختلف فلاحی مسائل سے آگاہ کیا۔
اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی میں ہندوستان۔پاکستان سرحد پر دفاعی تار کے پار واقع زمین کے تمام مالکان کو معاوضے ، پی او جے کے پناہ گزینوں، بے گھر اَفراد اور مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں کو زمین کے مالکانہ حقوق اور پی ایم کسان سمان ندھی کے فوائد میں توسیع کا مسئلہ بھی پیش کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سابق اَراکین اسمبلی کو یقین دِلایا کہ بات چیت کے دوران ان کے ذریعے پیش کردہ مسائل اور مطالبات کے مناسب اَزالہ کریں گے ۔
اِس موقعہ پر ڈاکٹر کے ایل بھگت، پروفیسر جی آر بھگت، نیلم لنگے ، کلدیپ کمار اور ڈی ڈی سی ممبر دھرمیندر کمار بھی موجود تھے۔
