جموں/ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے راج بھون میں پہاڑی کمیونٹی کے 120 رُکنی وفد سے بات چیت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے یوٹی اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا کہ اس برس پہاڑی، پڈاری، کولی اور گڈا برہمن کو درج فہرست قبائل ریزرویشن کے فوائد فراہم کئے جائیں اور انہیں قبائلی منصوبہ بندی سکیموں میں شامل کیا جائے۔
سرکردہ پہاڑی رہنماؤں نے گجر، بکروال اور دیگر درج فہرست قبائل کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے پہاڑی کمیونٹی کو بااِختیار بنانے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا تہہ دل سے شکریہ اَدا کیا۔
پہاڑی کمیونٹی کے اراکین نے کہا ،’’ہم سب بھائی ہیں اور قوم کی تعمیر کے مقصد سے کام کر رہے ہیں۔‘‘
سابق نائب وزیر اعلیٰ مظفر حسین بیگ نے پہاڑیوں اور دیگر کمیونٹیوںکے دیرینہ مطالبات کو پورا کرنے کے لئے مرکزی حکومت اوریوٹی اِنتظامیہ کی ستائش کی۔
پہاڑی رہنما رفیق شاہ نے کہا کہ 75 برس کی سیاسی اور سماجی غلامی کے بعد اِنصاف ملا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج ہم خود کو بااِختیار اور آزاد محسوس کر رہے ہیں۔
سینئر لیڈر وبود گپتا نے کہا کہ گجر، بکروال اور پہاڑی کمیونٹی جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ درج فہرست قبائل کمیونٹی یو ٹی کے ترقیاتی سفر میں اہم کردار اَدا کرے گی۔
دنیش شرما نے پہاڑیوں، پڈاری قبائل، کولی اور گڈا برہمن کو شیڈو ل ٹرائب کا درجہ دینے کے حکومت کے تاریخی فیصلے کی ستائش کی۔ اُنہوں نے کہا کہ اس نے ترقیاتی عدم توازن کو دور کیا ہے اور سب کا ساتھ ،سب کا وِکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریہاس کے ویژن کو مضبوط کیا ہے۔فلیل سنگھ نے کہا کہ یہ پہاڑی کمیونٹی کی نئی خوشحالی اور ہماری نوجوان پود کے روشن مستقبل کی صبح ہے
راجہ اعجاز نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی رہنمائی میں پہاڑی کمیونٹی اور پوری سرحدی پٹی کے لئے سازگار ماحول پیدا کیا ہے۔ اَنجم، پردیپ شرما، اقبال ملک اور مرتضیٰ خان نے پہاڑی کمیونٹی اور مرکزی حکومت کے درمیان پُل کے طور پر کام کرنے اور کمیونٹی کے لئے اِنصاف کو یقینی بنانے کے لئے یو ٹی اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کو یقین دِلایا کہ اُن کی طرف سے پیش کردہ مسائل پر من و عن عمل کیا جائے گا۔
اُنہوں نے کمیونٹی کے عمائدین سے مزید کہا کہ وہ کمیونٹی سے متعلق مسائل پر حکومتی اَفسران کے ساتھ تال میل کے لئے ممتاز ارکان کی ایک کمیٹی تشکیل دیں۔
بات چیت کے دوران چیئر پرسن ضلع ترقیاتی کونسل بارہمولہ محترمہ سفینہ بیگ، سینئر سیاسی رہنما، سابق پی آر آئی ممبران، ریٹائرڈ سرکاری اَفسران، کمیونٹی عمائدین اور نوجوان رہنما موجود تھے۔