بارہمولہ/ اِنتظامی سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے آج ڈاک بنگلو بارہمولہ میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی۔
عوامی دربار میں ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر ظہور احمد رینہ، چیف پلاننگ آفیسر جاوید احمد، مختلف محکموں کے ضلعی اَفسران، سول سوسائٹی کے اَرکان، سماجی کارکنان، مختلف وفود اور ضلع بھر سے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے تعلیم، زراعت، صحت، آئی سی ڈی ایس، فوڈ سپلائیز سمیت مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا۔ اِن سٹالوں میں عوام کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے متعدد حکومتی سکیموں، خدمات اور سہولیات کی نمائش کی گئی۔
میٹنگ میں وفود اور عوام لوگوںنے خطے سے متعلق متعدد مطالبات اور شکایات کا اظہار کیا جس میں ترقیاتی اور انتظامی مسائل شامل ہیں جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
مختلف وفود اور عام لوگوں کی طرف سے اُٹھائے گئے بنیادی مطالبات اور شکایات میں مختلف دفاتر کے لئے جگہ فراہم کرنے کے لئے بارہمولہ میں ایک منی سیکرٹریٹ کا قیام، بارہمولہ میں ایک آئی ٹی پارک کا قیام، سوپور سے بارہمولہ تک واٹر ٹرانسپورٹ کی عمل آوری ، سڑکوں کی میکڈیمائزیشن ، جی ایم سی بارہمولہ میں ایک مکمل ایم آر آئی سکین سہولیت کی تنصیب ، مختلف مقامات پر پورٹیبل واٹر سپلائی کی فراہمی، میڈیا پرسنوںکے لئے دَفتری رہائش سمیت دیگر اہم مسائل شامل ہیں۔
سیکرٹری صحت نے دربار کے دوران شرکأ کے ساتھ بات چیت کی، ان کی شکایات اور مطالبات کوبغور سنا۔ اِس موقعہ پر بہت سے مسائل کو موقعہ پر ہی فوری طور پر حل کیا جبکہ متعلقہ اَفسران کو شرکأ کی جانب سے اُٹھائے گئے بقیہ مسائل کو دور کرنے اور فوری حل فراہم کرنے کی واضح ہدایات فراہم کیں۔
اِس موقعہ پر ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے خطاب کرتے ہوئے عوامی دربار میں شرکت کے لئے سرد موسم میں عوام کی حوصلہ اَفزائی پر ان کا تہہ دل سے شکریہ اَدا کیا اور شرکأ کو یقین دِلایا کہ اِنتظامیہ بہترحکمرانی طریقوں کی عمل آوری اور مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنانے کے لئے عوام کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔
سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے عوامی دربار کے بنیادی مقصد پر زور دیتے ہوئے اِنتظامیہ اور عوام کے درمیان ان کی دہلیز پر براہ ِراست رابطے کو آسان بنانے میں اَپنے کردار پر زور دیا تاکہ شہریوں کو اَپنے تحفظات کا اِظہار کرنے اور حکومتی حکام سے بات کرنے کے لئے آسان رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈاکٹرسیّد عابد رشید شاہ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی دربار میں اُٹھائے گئے تمام شکایات کو ریکارڈ کرنے کے لئے ایک جامع ایکشن ٹیکن فارمیٹ تیار کریں۔ مزید برآں، اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ 15 دن کی مدت کے اَندر اُٹھائے گئے مسائل کے اَزالے کی تندہی سے پیروی کریں۔
بعد میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے مستحقین میںمنظوری نامے، گولڈن کارڈز اور دیگر سر ٹیفکیٹ تقسیم کئے۔
