جموں :مرکزی سیکرٹری کھیل سجاتا چتر ویدی اور چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے آج گلمرگ میں 21 فروری سے 25 فروری تک منعقد ہونے والے آئندہ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں 2024 کی تیاریوں کا جائیزہ لینے کیلئے ایگزیکٹو کمیٹی سطح کی میٹنگ کی مشترکہ صدارت کی ۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری کلچر ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، کمشنر سیکرٹری سیاحت ، سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ ، سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ، آئی جی ٹریفک جموں و کشمیر ، ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز ، ڈائریکٹر انفارمیشن جموں و کشمیر ، ڈائریکٹر سیاحت کشمیر ، ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ، ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، ایم ڈی کے پی ڈی سی ایل ، چیف انجینئر پی ایچ ای کشمیر ، سی ای او گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے نمائندے ، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا ( ایس اے آئی ) ، انڈین اولمپک ایسوسی ایشن ، نیشنل سپورٹس فیڈریشنز ، ہوٹلرز ایسوسی ایشن جے اینڈ کے ، ونٹر اسپورٹس ایسوسی ایشن جے اینڈ کے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔
میٹنگ کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری نے کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے مختلف پہلوؤں کو انجام دینے میں پیچیدہ منصوبہ بندی اور ہموار تال میل کی اہمیت پر زور دیا ۔
میٹنگ میں گیمز کے کئی اہم پہلوؤں پر غور کیا گیا ۔
میٹنگ کے دوران بات کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ گلمرگ ہندوستان کے سرمائی کھیلوں کی راجدھانی کے طور پر ابھر رہا ہے اور ہمیں ان کھیلوں سے متعلق تمام تکنیکی پروٹوکول پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کھیلو انڈیا سرمائی کھیل اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ جموں و کشمیر نے اس قسم کی سہولیات قائم کی ہیں جن کے ذریعے وہ اس طرح کے عظیم الشان ایونٹ کا انعقاد کر سکتا ہے ۔
چیف سیکرٹری نے تمام متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں پر زور دیا کہ تمام مطلوبہ انتظامات پہلے سے ہی مکمل ہونے چاہئیں اور اس کے علاوہ کسی بھی قسم کی یشویش کو پہلے ہی حل کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے ضروری خدمات کے محکموں سے مزید کہا کہ برف باری کی وجہ سے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال کو پورا کرنے کیلئے بیک اپ پلان دستیاب رکھیں ۔
انہوں نے منتظمین سے سکی گشتی ٹیموں کے ساتھ ساتھ دیگر ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں کو بھی مقررہ جگہوں پر تعینات کیا جائے تا کہ گیمز کے دوران کسی بھی قسم کے ناگہانی صورتحال سے نمٹا جا سکے ۔
مسٹر ڈولو نے ڈائریکٹر انفارمیشن سے مزید کہا کہ وہ اس عظیم الشان تقریب کی تشہیر کیلئے ایک وقف مہم شروع کریں اور اس کیلئے سوشل میڈیا کے استعمال کو بڑھا دیں ۔ انہوں نے عالمی معیار کے کھیلوں کا تماشا پیش کرنے پر اعتماد کا اظہار کیا ۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ نے اس ایونٹ کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔
میٹنگ کے دوران ایس اے آئی انڈین اولمپک ایسوسی ایشن اور دیگر ایجنسیوں کے نمائندوں نے کھیلوں کے ہموار انعقاد کیلئے اپنی قیمتی رائے دی ۔
