جموں: جموں وکشمیر کے ضلع رام بن کے اکھڑہال علاقے میں دوران شب آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں تین بہنیں جھلس کر جاں بحق ہوگئیں جبکہ ایک رہائشی مکان کو بھی نقصان پہنچا۔
ذرائع نے بتایا کہ رام بن کے اکھڑیال تحصیل کے تجنیہال علاقے میں دوران شب ایک تین منزلہ مکان میں آگ بھڑکی جس کے نتیجے میں مکان میں سوئی تین بہنیں جھلس کر لقمہ اجل بن گئیں۔
انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں مکان کی تیسری منزل کو نقصان پہنچا۔
متوفین کی شناخت 16 سالہ ثانیہ، 14 سالہ بسمہ اور 12 سالہ صائقہ دختران عبدالطیف لون ساکن تجنیہال کے بطور کی گئی ہے۔
دریں اثنا حکام نے ایک ٹیم جائے واردات کی طرف بھیج دی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے اور آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہے۔
