کپوارہ ::پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے جمعہ کے روز کہاکہ پارٹی ورکراورعوام آج بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوںنے وحیدپرہ کیخلاف مقدمہ درج کئے جانے کوپارٹی کو حاصل عوامی سپورٹ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی وقت کی نزاکت کو سمجھتی ہے ۔
بارہمولہ لوک سبھا حلقہ کیلئے پارٹی کے اُمیدوار فیاض احمد میر کے حق میں منعقدہ ایک ریلی کے موقعہ پر کپوارہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے خود پارلیمانی انتخابات میں اننت ناگ ،راجوری نشست سے الیکشن میں بطور اُمیدوار شامل محبوبہ مفتی نے دعویٰ کیاکہ متعدد لیڈروں کے پارٹی چھوڑنے کے باوجود ورکر آج بھی پارٹی کیساتھ کھڑے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن پارٹی آج بھی لوگوں کے دلوںمیں زندہ ہے ۔محبوبہ مفتی کا مزیدکہناتھاکہ پی ڈی پی کو سب سے زیادہ نقصان شمالی کشمیرمیں پہنچایاگیا،جہاں اسکے لیڈروں کو پارٹی سے نکالایاگیا،تاہم پی ڈی پی صدرکاکہناتھا کہ شمالی ،وسطی اورجنوبی کشمیرمیں ورکر آج بھی پارٹی کیساتھ کھڑا ہے ۔سری نگر پارلیمانی حلقہ سے پارٹی کے اُمیدوار وحیدالرحمان پرہ کیخلاف ایف آئی آر درج کئے جانے پرمحبوبہ مفتی کا کہناتھاکہ لوگ پی ڈی پی کے حق میں باہرآرہے ہیں ،تو اسکے نتیجے میں وحید پرہ پر بھی ایسے حملے ہورہے ہیں ۔
جماعت اسلامی کے پابندی ہٹنے کی صورت میں اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے پررضامندی ظاہر کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں پی ڈی پی کی صدر نے کہاکہ جماعت اسلامی نے 1987کے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا لیکن،اور تب الیکشن میں دھاندلیاں ہوئی تھیں،آج بھی اُن کی تیاریاں ہورہی ہیں۔محبوبہ مفتی نے ساتھ ہی کہاکہ جماعت اسلامی وقت کی نزاکت کو سمھتی ہے ،اوراُنکو معلوم ہے کہ جمہوری نظام میں ووٹ سے انتقام لیاجاسکتاہے ۔جیل میں بند سابق ممبراسمبلی اور بارہمولہ حلقے سے عوامی اتحاد پارٹی کے اُمیدوار انجینئررشیدکے بارے میں ایک سوال کے جواب میں محبوبہ مفتی نے کہاکہ جس طرح جیلوں میں بند کشمیری مظلوم ہیں ،اُسی طرح انجینئررشید بھی ایک مظلوم ہیں ۔