جموں، 13 فروری: پولیس اہلکاروں وایس پی اوز کے اہلخانہ کو مالی امداد فراہم کرنے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں وکشمیر جناب آر آر سوین نے شہیدومتوفی پولیس اہلکاروں اورایس پی اوزکے 17خاندانوں کے حق میں 03.14 کروڑ روپے کی رقم کو منظوری دی ہے۔ اسکے علاوہ انہوں نے ایسے پانچ ایس پی اوز کے حق میں چار لاکھ پچیس ہزار روپے کی رقم کو بھی منظوری دی ہے جن کے رہائشی مکانات کو مختلف حادثات یاقدرتی آفات کے دوران نقصان پہنچا تھا۔
اس حوالے سے پولیس ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری کردہ مختلف احکامات کے تحت، ڈی جی پی نے شہید انسپکٹر مسرور علی وانی کے اہلخانہ اور متوفی اے ایس آئی گووند سنگھ، ہیڈ کانسٹیبل بشیر احمد، ہیڈ کانسٹیبل محمد جبار، ہیڈ کانسٹیبل بشیر احمد، سلیکشن گریڈ کانسٹیبلان نریندر شرما، عاقب حسین، روی کمار، انوپ کمار،اجے کمار، بشیر احمد، کانسٹیبلان راجو شرما، محمد اقبال اور کرمجیت سنگھ جو کہ دوران سروس بیماری کی وجہ سے انتقال کر گئے کے ورثاء کے حق میں فی کس 22لاکھ روپے کی رقم کو منظوری دی ہے ۔ جبکہ متوفی رنگروٹ کانسٹیبل روہت شرما کے اہلخانہ کے حق میں 10 لاکھ روپے کی رقم کی رقم منظور کی ہے ۔اسی طرح ایس پی او جاوید احمد، ایس پی او معراج الدین لون اور ایس پی او محمد خالد کے ورثاء کے حق میں فی کس چھ لاکھ روپے کی رقم کو منظوری دی ہے یہ تمام اہلکار دوران سروس انتقال کر گئے تھے۔ منظور شدہ ریلیف میں سے، متوفی پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کےحق میں فی کس ایک ایک لاکھ روپے اور متوفی ایس پی اوز کے اہلخانہ کے حق میں فی کس پچاس ہزار روپے پہلے ہی ان کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے ادا کئے جا چکے ہیں۔ پی ایچ کیو کے ایک اور حکم کے تحت ڈی جی پی جموں و کشمیر نے ایس پی اوز نذیر احمد، ارشاد احمد اور مان سنگھ کے حق میں ایک ایک لاکھ روپے جبکہ ایس پی او شیراز احمد اور ایس پی او سریش کمار کے حق میں بالترتیب پچھتر ہزار اور پچاس ہزار روپے کی مالی امداد کی منظوری دی ہے۔ان ایس پی اوز کے رہائشی مکانات کو مختلف حادثات یاقدرتی آفات میں نقصان پہنچا تھا۔ فلاحی اقدام کے طور پر پولیس ہیڈ کوارٹرز نے اپنے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مدد میں اضافے کو یقینی بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں۔
