بارہمولہ/ ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے ضلع اِنتظامیہ بارہمولہ کی جانب سے آج چج ہامہ رفیع آباد میں منعقدہ بلاک دیوس پروگرام کی صدارت کی جس کا مقصد کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کرنا، اِن کی شکایات کو دُور کرنا اور ان کے مطالبات کو براہِ راست سننا تھا۔بلاک دیوس میں اَیڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور شبیر احمد رینہ، متعلقہ محکموں کے اَفسران، عوامی نمائندوں اور روہامہ اور ڈنگی وچہ بلاکوں کے دیہاتوں کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دورانِ پروگرام کمیونٹی ممبران اور اُن کے نمائندوں نے ترقیاتی اور اِنتظامی اَمور سے متعلق اَپنی شکایات اور مطالبات کا اِظہار کیااور ضلع ترقیاتی کمشنر اور ضلعی اِنتظامیہ کی طرف سے ضروری حل کی سہولیت کے لئے فوری توجہ دینے کی ضرور ت پر زور دیا۔
بنیادی مطالبات میںڈنگی وچہ میں کسان گھر کا قیام، بی ڈی او اور تحصیل داروں کی خالی اَسامیوں کو فوری طور پر پُر کرنا، بلاکوں کے اَندر دیہاتوں میں ایک جامع سوچھتا مہم کے لئے ہوپرس کی تعیناتی، اور جی ڈی سی ہادی پورہ میں سائنس اور دیگر اہم سٹریموں کی فراہمی شامل ہیں۔
مزید برآں، نمائندوں نے واٹرگام میں لائبریری کی سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے، ہادی پورہ مارکیٹ کے علاقے میں سولر سٹریٹ لائیٹوں کی تنصیب، نوجوانوں کے کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے بلاک کے اندر ایک اِنڈور سٹیڈیم کے قیام، سنو فیسٹول کے اِنعقاد اور مخصوص سیاحتی مقامات پر واش روم ، شیلٹر سائٹس وغیرہ جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ایسے رَسائی پروگراموں کے اِنعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو اِنتظامیہ کو براہِ راست کمیونٹی کی دہلیز پر لے کر ان کے اہم مطالبات اور شکایات کو سنیں۔
منگا شیرپا نے ’بلاک دیوس‘ کے دوران اُٹھائے گئے متعدد مسائل کو فوری طور پر حل کیا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ بقیہ مسائل کو ترجیح دیں اور فوری حل کو یقینی بنائیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے رفیع آباد کی بالائی پٹی میں اَیڈونچر ٹوراِزم بالخصوص ٹریکنگ اور سکیئنگ کے لئے غیر اِستعمال شدہ پوٹینشل پر بھی زور دیا۔مِنگا شیرپا نے یقین دلایا کہ ضلعی اِنتظامیہ اسے آئندہ مالی برس کے لئے کیپیکس بجٹ میں شامل کرے گی جس میں سیاحوں کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانے کے لئے واش روم ، کینٹین ، شیلٹر شیڈ اور بینچ جیسی ضروری سہولیات کے قیام کو ترجیح دی جائے گی۔
اِس سے قبل مِنگا شیر پا نے باغبانی، صحت، این آر ایل ایم، جل شکتی سمیت مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے متعدد سٹالوں کا معائینہ کیا جس میں عوام کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے مختلف سرکاری سکیموں ، خدمات اور سہولیات کی نمائش کی گئی ۔
