جموں/ لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے سوریہ سپتمی کے موقعہ پر آج ماتنڈ سوریہ مندر پالورہ جموں میں حاضری دی۔ اُنہوں نے شری مارتنڈ تیرتھ ٹرسٹ کے زیر اہتمام مہایگیا میں شرکت کی اور سب کے لئے اَمن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں سے بات چیت کی اور اس مُبارک موقعہ پردلی مبارک باد پیش کی۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر قدیم زمانے سے روحانیت کی سرزمین ہے اور ملک میں سیکھنے اور علم کے اہم مراکز میں سے ایک ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس نے ہمیشہ جامع ثقافتی ماحولیاتی نظام کو فروغ دیا ہے اور وقت کی آزمودہ روایتی حکمت کو زندہ رکھا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی رہنمائی میں ’’ وِکاس بھی وراثت بھی‘‘ کے نظرئیے کو عوامی تحریک میں تبدیل کیا گیا ہے۔اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اَپنے آپ کو دوبارہ وقف کریں اور معاشرے کے کمزور طبقات کی بہتری کے لئے اِجتماعی طور پر کام کریں۔
اِس موقعہ پرصدر مارتنڈ تیرتھ ٹرسٹ شری اے کے سیدھا، چیئرمین اوتار کرشن،جنرل سیکرٹری ٹی کے تِکو، شری مارتنڈ تیرتھ ٹرسٹ کے دیگر ممبران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ موجود تھے۔
اِس موقعہ پر ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن کمشنر (مائیگرنٹس) جموں و کشمیرڈاکٹر اروند کاروانی اور یو ٹی اِنتظامیہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
