جموں/20؍فروری:
جموں و کشمیر راج بھون نے اروناچل پردیش اور میزورم کا یوم تاسیس منایا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اروناچل پردیش اور میزورم کے عوام کو ان کے یوم تاسیس کے موقعہ پر اپنی دلی مُبارک باد اور نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔
اُنہوںنے کہا، ’’میں لوگوں کی صحت، خوشی اور خوشحالی اور ان ریاستوں کی تیز رفتار ترقی کے لئے دعا گو ہوں‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اِس مبارک موقعہ کو منانے سے شمال مشرقی ریاستوں کے ساتھ جموںوکشمیر کے سماجی، اِقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ اروناچل پردیش اور میزورم ہندوستان کے شاندار ثقافتی ورثے کی علامت ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے اَدب، لوک، آرٹ، تہواروں، کھیلوں، دستکاریوں کی شاندار وراثت اِس عظیم قوم کے کثرت میں وحدت کی عکاسی کرتی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی نے ترقیاتی خلا کو دور کیا ہے اور اروناچل پردیش اور میزورم کے لوگوں کی اُمنگوں کو قوم کی اُمنگوں سے جوڑا ہے۔
اُنہوں نے اروناچل پردیش اور میزورم کی عظیم شخصیات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نوجوان نسل اتما نربھر بھارت کے ویژن کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
جموں و کشمیر میں رہنے والے اروناچل پردیش اور میزورم کے سیکورٹی فورسز کے اہلکار اور طلبأ خصوصی مدعو تھے۔
