سرینگر / محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق بدھ وار کے بعد دو پہر سے موسم نے کروٹ بدلی اور آسمان ابر آلود ہو گیا ۔ ابر آلود موسم کے بیچ کہیں علاقوں میں تیز آندھی چلی جبکہ آندھی کے باعث سردی کی لہر لوٹ آئی ۔ اسی دوران سرینگرسمیت وادی کے دیگر علاقوں میں تازہ بارشیں ہوئی جبکہ شہرہ آفاق گلمرگ اور گریز وادی سے تازہ برفباری ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں وسیع مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جمعرات کو بھی چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر 15 سے 20 مارچ تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔درجہ حرارت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ زیادہ تر مقامات پر گراوٹ دیکھی گئی جس میں سرینگر میں کم از کم 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات 5.8 ڈگری کے مقابلے میں کم از کم 3.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ رات 1.7 ڈگری کے مقابلے میں منفی 0.5 ڈگری سیلشس جبکہ گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 1.2 ڈگری کے مقابلے میں منفی1.6 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا ۔ کوکرناگ میں گزشتہ رات 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کپوارہ شہر میں گزشتہ رات 4.0 ڈگری کے مقابلے میں 4.5 ڈگری کا کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 14.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 5.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دھر محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ہلکی بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ 15مارچ سے کبھی دھوپ ، کبھی ابر آلود اور کبھی بارشیں ہو سکتی ہے ۔ اسی دوران شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر علاقوں میں بعد دوپہر تیز آندھی کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی جبکہ کئی مکانوں کے چھت بھی اڑ گئے ۔
