نئی دلی۔ 31؍ مارچ:
مہاراشٹرا کیڈر کے 1990 بیچ کے آئی پی ایس افسر سدانند وسنت داتے نے دنکر گپتا سے قومی تحقیقاتی ایجنسی کی باگ ڈور سنبھالی جو آج سروس سے سبکدوش ہو گئے۔این آئی اے میں شامل ہونے سے پہلے داتے مہاراشٹر میں اے ٹی ایس کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ مہاراشٹر میں کئی اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں جن میں میر بھیندر وسائی ویرار کے پولس کمشنر شامل ہیں۔ وہ جوائنٹ کمشنر لاء اینڈ آرڈر اور جوائنٹ کمشنر کرائم برانچ ممبئی بھی رہے ۔
اس سے قبل انہوں نے حکومت ہند میں سی بی آئی میں بطور ڈپٹی انسپکٹر جنرل اور سی آر پی ایف انسپکٹر جنرل کے طور پر دو ادوار خدمات انجام دی ہیں۔نومبر 2008 میں ممبئی پر گھناؤنے حملے کرنے والے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے میں ان کے کردار کے لیے داتے کو 2008 میں بہادری کے لیے صدر کے پولیس میڈل سے نوازا گیا تھا۔وہ 2007 میں صدارتی پولیس میڈل برائے شاندار خدمات اور 2014 میں صدر کا پولیس میڈل برائے امتیازی خدمات حاصل کرنے والے بھی ہیں۔
