سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیکورٹی فورسز نے در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا کر ایک نامعلوم ملی ٹنٹ کو مار گرایا۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے اوڑی کے صابورہ نالے میں ایل او سی پر جمعہ کی علی الصبح مشتبہ در اندازوں کی نقل و حمل دیکھی۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے ان در اندازوں کو چلینج کیا جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ گولیوں کے تبادلے میں ایک ملی ٹنٹ مارا گیا جس کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے۔
مذکورہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
بتادیں کہ بی ایس ایف کے ایک سینئر افسر نے حال ہی میں کہا کہ کشمیر میں جب بھی لوک سبھا انتخابات جیسے ایونٹس ہوتے ہیں تو سر حد پار سے در اندازی کی کوششوں میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔