جموں، 06 مئی: ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں و کشمیر، آر آر سوین نے سوموار کو بسنت گڑھ کے پونارہ علاقے میں شہید ولیج ڈیفنس گارڈ (وی ڈی جی) ایس پی او محمد شریف کے گھر جا کر سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔مذکورہ وی ڈی جی بسنت گڑھ کے علاقے چوچرو گالا میں دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے تھے۔ اس موقع پر ڈی جی پی کے ہمراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں زون شری آنند جین، ڈی آئی جی ادھمپور ریاسی رینج جناب رئیس محمد بٹ، ایس ایس پی ادھم پور جوگندر سنگھ، اور ضلع ادھم پور کے دیگر سینئر پولیس افسران بھی تھے۔ ڈی جی پی نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ جموں و کشمیر پولیس کا محکمہ سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہے۔
انہوں نے شہید کے اہلخانہ کو پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور اس موقع پر شہید کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔بعد ازاں دوپہر میں، ڈی جی پی نے پولیس اسٹیشن بسنت گڑھ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس اسٹیشن کے کام کاج کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ جرائم کے ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر موجود علاقائی افسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے، ڈی جی پی نے دہشت گردی کے جرائم کے واقعات سے نمٹنے کے لیے جامع انسدادی اقدامات کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا، اور مزید کہا کہ لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا محکمہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کےواقعات کو روکنے کے لیے حساس مقامات پر سیکورٹی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کی حفاظت کے لیے رابطوں کو مزید مضبوط بنائیں۔ ڈی جی پی نے کہا کہ دہشت گردی کی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے والے تمام مشکوک عناصر کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے ان پر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے ہر قسم کے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔