نیوز ڈیسک
اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب میں جہاں گزشتہ ہفتے تاریخ میں پہلی بار سوئم سوٹ فیشن شو کا انعقاد کیا گیا تھا، وہیں اب وہاں کا خواتین ارکان پر مشتمل میوزیکل بینڈ سامنے آگیا۔اگرچہ سعودی عرب کی پہلے بھی خواتین گلوکارائیں اور ماڈلز سامنے آتی رہی ہیں اور بعض میوزیکل بینڈز میں خواتین ارکان بھی شامل رہی ہیں۔لیکن اب پہلی بار وہاں سے تمام خواتین ارکان کا میوزیکل بینڈ سامنے آگیا جو کہ دارالحکومت ریاض سمیت مِختلف شہروں میں کنسرٹ منعقد کر چکا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق خواتین ارکان پر مشتمل میوزیکل بینڈ میں ڈرمر سے لے کر گٹارسٹ تک اور ووکلسٹ سے لے کر دیگر میوزیکل ارکان تک تمام خواتین ارکان شامل ہیں۔خواتین ارکان کے میوزیکل گروپ کو زندگی یا سوانح عمری کا نام دیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر میوزیکل گروپ دارالحکومت سمیت سعودیہ کے بڑے شہروں میں چھوٹے میوزیکل کنسرٹ منعقد کر رہا ہے۔
خواتین ارکان پر مبنی میوزیکل بینڈ زیادہ تر سعودی عرب کے کلاسیکل گانوں کو جدید انداز میں گاتا ہے، تاہم میوزیکل بینڈ نئے گانے بھی تیار کرتا ہے۔میوزیکل بینڈ کی ارکان نے خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے میوزیکل کنسرٹس کے انعقاد کو نئی زندگی قرار دیا اور کہا کہ سعودیہ کا معاشرہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔