سری نگر :سری نگرسمیت پورے کشمیرمیں گرمی کی بڑھتی شدت کے بیچ موسمیاتی مرکز سری نگر نے منگل کے روزخبردارکیاکہ اگلے 7دنوں کے دوران موسم خشک رہنے کے باعث درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہونے کاامکان ہے ۔ سری نگرمیں قائم ہندوستانی محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کی جانب سے منگل کی صبح بتایاگیاکہ جموں وکشمیرمیں 28مئی تک مجموعی طور پر کوئی خاص موسمی سرگرمی نہیں ہے۔علاقائی موسمیاتی مرکزسری نگر کے مطابق 21سے28مئی تک موسم عام طور پرخشک رہنے کیساتھ ساتھ الگ تھلگ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
موسمیاتی مرکز کے ایک ترجمان نے کہاکہ کاشتکاروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ فارم کا کام دوبارہ شروع کریں۔موسمیاتی مرکز نے خبردار کیاکہ جموں ڈویڑن کے میدانی علاقوں میں آج یعنی21مئی سے گرمی کی لہرکااثررہے گا۔موسمیاتی مرکز کے مطابق پہاڑی علاقوں میں گرم اور خشک موسم رہنے کے بیچ جموں ڈویڑن اور کشمیر ڈویڑن کے میدانی علاقوں میں اگلے5 دنوں کے دوران بارش ہونے کا امکان ہے۔دریں اثناءحالیہ کچھ دنوںکی طرح ہی منگل کے روز بھی پوری کشمیر وادی میں تپتی دھوپ رہنے کے بیچ دن بھر گرمی کی شدت محسوس کی گئی جبکہ پیرکے مقابلے میں سری نگرمیں منگل کو دن کازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29ڈگری سینٹی گریڈ کوچھوگیا ۔وادی کے باقی علاقوں ماسوائے سیاحتی مقام گلمرگ دن کا درجہ حرارت 27سے30ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا۔اُدھر جموں شہرمیں پیر کو دن کا درجہ حرارت 42.2ڈگری سینٹی گریڈ درج ہونے کے بعد منگل کو درجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈتک پہنچ گیا۔