سرینگر : سرینگر پارلیمانی حلقے سے آج انتخابی نتائج میں نیشنل کانفرنس کے امیدوار آغا روح اللہ مہدی نے پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی (پی ڈی پی) کے امیدوار وحید الرحمن پرہ کو ایک لاکھ سے زائد ووٹوں سے شکست دی۔ آغا روح اللہ نے وحید پرہ کے خلاف کافی اچھی سبقت لی اور ووٹوں کی گنتی کے پہلی ہی راؤنڈ سے روح اللہ مہدی، وحید پرہ سے کافی آگے تھے۔ وحید پرہ نے کسی بھی راؤنڈ میں روح اللہ سے سبقت حاصل نہیں کی۔
سرینگر پارلیمانی حلقے سے آغا روح اللہ، وحید پرہ اور جموں کشمیر اپنی پارٹی کے امیدواروں سمیت 24 امیدار میدان میں تھے۔ تاہم اپنی پارٹی کے امیدوار اشرف میر نے 65ہزار کے قریب ووٹ حاصل کئے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے روح اللہ مہدی نے نتائج پر خوشی ظاہر کی اور کہا کہ سرینگر نشست کے ووٹرز نے ان پر ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ انکی آواز بھارت کے پارلیمان میں اٹھائے۔‘‘
مہدی کے حامیوں نے بتایا کہ انکو اپنے رہنما کی جیت پر کافی خوشی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مہدی پارلیمنٹ میں جاکر لوگوں کے مسائل پر بات کریں گے اور انکو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ کشمیر کی تین پارلیمانی سیٹوں میں سے دو اننت ناگ راجوری نشست اور سرینگر سیٹ پر نیشنل کانفرنس نے پی ڈی پی کو شکست دی۔ تاہم بارہمولہ نشست سے عمر عبداللہ کو تہاڑ جیل میں بند سابق ایم ایل اے انجینئر رشید نے ہرا کر سب کو حیران کر دیا۔