سرینگر : بالی ووڈ حسینائیں – آشا پاریکھ، وحیدہ رحمان اور ہیلن کے سرینگر دورہ سے بھارتی سنیما (بالی ووڈ) کے سنہری دور کی یادیں تازہ ہوئیں اور فلموں کے شائقین کافی خوش نظر آئے۔ آشا پاریکھ نے وادی کشمیر میں چھٹیوں کے دوران وحیدہ رحمان اور ہیلن کے ساتھ بتائے لمحات کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی۔ تصویر فوری طور وائرل ہوگئی اور مداح انہیں بالی ووڈ کی ’’ونٹیج کوئینز‘‘ قرار دے رہے ہیں۔
بالی ووڈ کی تینوں حسینائیں – جن کے باہمی تعلقات (دوستی) دہائیوں پر محیط ہیں – وادی میں اپنے قیام سے بھرپور لطف اندوز ہوتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔ بالی ووڈ حسینائوں کو سرینگر میں ایک مشہور ہاؤس بوٹ میں عکس بندی کرتے اور قدرتی نظاروں سے لطف انددوز ہوتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر پر اپنے اپنے انداز میں کمنٹ کیے۔ سوشل میڈیا پر ایک صارف نے تبصرہ کیا: ’’کشمیر کے خوبصورت لمحات سے لطف اندوز ہوتے ہوئے بالی ووڈ کی (اپنے زمانے کی) حسیناؤں کو ایک ساتھ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا: ’’ان لیجنڈز نے نہ صرف ہماری اسکرینوں، بلکہ ہمارے دلوں کو بھی اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔ سرینگر میں انہیں دیکھ کر بہت سی یادیں واپس آ جاتی ہیں۔‘‘ بالی ووڈ حسیناؤں کا یہ دورہ بالی ووڈ لیجنڈز کا کشمیر کے ساتھ گہرے تعلق کو ظاہر کرتا ہے اور کشمیر میں چھٹیاں گزارنا یا شوٹنگ کے لیے وادی کا رخ کرنا بالی ووڈ اور کشمیر کے گہرے رشتے کو بھی اجاگر کرتا ہے۔