سری نگر: جموں وکشمیر انتظامیہ نے ڈاکٹر محمد اشرف گنائی کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کا نیا ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔ اس سلسلے میں منگل کو باضابطہ طور پر ایک حکم نامہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ جس میں ڈاکٹر محمد اشرف کو بطور ڈائریکٹر منظوری دے دی گئی ہے۔
ڈاکٹر محمد اشرف وادی کے معروف اینڈو کرائنالوجسٹ ہیں۔ انہوں نے جی ایم سی سرینگر، ایمز دہلی اور سکمز صورہ میں نمایاں تحقییقی اور تدریسی خدمات انجام دی ہیں۔
ایسے میں ڈاکٹر محمد اشرف گنائی ایمز دہلی میں اپنی پیشہ وارانہ خدمات انجام دینے کے بعد گزشتہ کئی برسوں سے سکمز کے شعبہ اینڈو کرائناولوجی اور میٹابولزم کے شعبہ میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کلینکل ریسرچ ڈیپارٹمنٹ، میڈیکل ریسرچ یونٹ اور ریسرچ سیل کے قیام کے علاوہ دیگر طبی سہولیات قائم کرکے ایک متحرک ریسرچ ایکو سسٹم بنانے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
ڈاکٹر اشرف گنائی سکمز کے اینڈو کرائناولوجی کے شعبے میں ایک بڑے ماہر طب حثیت رکھتے ہیں وہیں میڈیکل کالج میں اپنے ابتدائی دنوں سے لے کر نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں اپنے شاندار کیریئر تک اپنے پیشے اور مریضوں کے تئیں غیر متزلزل وابستگی رہی ہے۔
واضح رہے ڈاکٹر پرویز اے کول کی سبکدوشی کے بعد صحت وطبی تعلیم کے سیکرٹری سید عابد رشید شاہ کو ڈائریکٹر سکمز کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔
جبکہ ایک اور حکم نامے کے تحت ڈاکٹر شارق مسعودی کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں میڈیکل فیکلٹی کا ڈین تعینات کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر شارق مسعودی سکمز صورہ میں اینڈوکرائنالوجی شعبہ کے پروفیسر اینڈ سربراہ ہیں۔ ان کی تقرری یکم اپریل 2024 سے نافذالعمل ہے اور یہ اپنے عہدے پر 28 فروری 2025 تک یا اگلے احکامات تک جاری رہے گے۔