سری نگر /لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج سول سیکرٹریٹ میں محرم الحرام کے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو ،ڈی جی پی آر آر سوائن، ڈی جی پی،اے ڈی جی پی لأ اینڈ آرڈر وِجے کمار، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈ اکٹر مندیپ کمار بھنڈاری، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری، اِنتظامی سیکرٹریوں، ضلع ترقیاتی کمشنر وں ، محکمہ جات کے سربراہان اور سول اور پولیس اِنتظامیہ کے دیگر سینئر اَفسروں نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسروں ، ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ شیعہ برادری کے سرکردہ اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کریں تاکہ اِن کے مسائل اور مطالبات کو جلد از جلد حل کیا جاسکے۔
اُنہوںنے ضلعی اِنتظامیہ اور سینئر اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ اِمام بارگاہوں تک سڑک رابطے کو بہتر بنانے ، بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور پینے کے پانی کی سہولیات بالخصوص اِمام بارگارہوںاور اس کے اَطراف میں صفائی ستھرائی کے مناسب اَقدامات ، راشن کی پیشگی تقسیم اور ضرورت کے مطابق دیگر سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اَقدامات کریں۔
لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ محرم الحرام کے اَحسن اِنعقاد کے لئے تمام انتظامات پہلے سے مکمل کئے جائیں۔
اُنہوں گورنر نے بازار کے باقاعدہ معائینہ اور ضروری اَشیأ کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
لیفٹیننٹ گورنرنے اہم مذہبی مقامات اور اِجتماعات میں سیکورٹی، ٹریفک کی روانی کے اِنتظامات اور طبی سہولیات کے حوالے سے وسیع تر اِنتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔ضلع ترقیاتی کمشنروںنے میٹنگ کو آئندہ محرم الحرام کے حوالے سے متعلقہ ضلعی اِنتظامیہ کی تیاریوں کے بارے میں جانکاری دی ۔