سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر جمعے کی سہ پہر ایک نجی گاڑی لڑھک گئی جس کے نتیجے میں کمسن لڑکے سمیت دو افراد ہلاک جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ایک بلیرو گاڑی زیر نمبر (JK02DJ-5386)پانار کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار آٹھ افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے کمسن لڑکے سمیت دو افرادکو مردہ قرار دیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے مزید چار کی بھی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
