سری نگر:منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے قاضی گنڈ میں بد نام زمانہ منشیات فروش کی کروڑوں روپیہ مالیت کی غیر منقولہ جائیدادوں کو قرق کر دیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایس ایس پی کولگام ساہل سرانگال کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے قاضی گنڈ میں عبدالرشید راتھر عرف ماتھر ولد غلام حسن راتھر ساکن بونی گام قاضی گنڈکولگام کی تین کروڑ روپیہ مالیت کی جائیداد کو ضبط کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ قرق شدہ جائیداد میں یک منزل رہائشی مکان ، کمرشل عمارت اور رہائشی مکان جس کی مالیت تین کروڑ روپیہ ہے کو قرق کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن میں درج ایک مقدمے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت انجام دی گئی۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ تحقیقات کے دوران جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘یہ جائیداد پہلی نظر میں منشیات فروش کی طرف سے نشہ آور اور ادویات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی’۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منشیات فروش اس وقت کورٹ بلوال جموں میں مقید ہیں اور اس کے خلاف قاضی گنڈ پولیس اسٹیشن میں دو ایف آئی آر درج ہے۔
