جموں: سری لنکا کے سابق کرکٹر متھیا مرلی دھرن بھی آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد جموں و کشمیر حکومت کی نئی صنعتی پالیسی سے متاثر دکھائی دے رہے ہیں۔ انہیں سافٹ ڈرنک کمپنی کے لیےجموں وکشمیر کے علاقہ بھگتھلی، کٹھوعہ میں قائم صنعتی علاقے میں تقریباً 25 ایکڑ (205 کنال) زمین الاٹ کی گئی ہے۔ جہاں وہ ایک پلانٹ لگا کر وہ جموں و کشمیر میں تقریباً 1642 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس نئی صنعتی پالیسی کی وجہ سے کٹھوعہ ضلع جموں و کشمیر کا صنعتی مرکز بننے کے راستے پر ہے۔
سابق کرکٹر مرلی دھرن نے جنوری میں یہاں زمین کی الاٹمنٹ کے لیے آن لائن درخواست دی تھی۔ اس تجویز کی منظوری کے بعد وہ تقریباً تین ماہ قبل خود زمین دیکھنے آئے تھے۔ پنجاب کی سرحد کے قریب گاؤں بھگتھلی ایک صنعتی علاقے کے طور پر ترقی کر رہا ہے۔
انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے تمام رسمی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد وہ جلد ہی یہاں پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے آئیں گے۔ مرلی دھرن کو اس سے قبل کرناٹک میں اپنی کمپنی متھیا بیوریجز اینڈ کنفیکشنرس کا پلانٹ لگانے کے لیے زمین الاٹ کی گئی ہے۔
سری لنکا کے سابق کرکٹر متھیا مرلی دھرن اب کٹھوعہ میں 1642 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے جا رہے ہیں۔ انہیں نئے انڈسٹریل ایریا میں زمین الاٹ کر دی گئی ہے اور ڈیڈ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اب پلانٹ کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے وہ تقریباً تین ماہ قبل یہاں سرمایہ کاری اور صنعتی پالیسی کے حوالے سے مکمل معلومات حاصل کرنے آئے تھے اور جموں کشمیر انتظامیہ کے انڈسٹری پالیسی سے وہ کافی متاثر ہوئے ان باتوں کا اظہار پریم سنگھ، جنرل مینیجر، ڈسٹرکٹ انڈسٹری سینٹر کٹھوعہ نے کیا۔