جموں: ڈوڈہ کے کاستی گڑھ علاقے میں جمعرات کی صبح سے سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان انکاؤنٹر جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ ڈوڈہ ضلع کے دیسا کے جنگلات میں تلاشی مہم کے چوتھے دن جمعرات کی رات عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کا آمنا سامنا ہوا۔ گذشتہ چار دنوں کے دوران یہ تیسرا موقع ہے جب ڈوڈہ کے جنگلات میں جنگجوؤں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
تازہ اطلاعات کے مطابق آج شروع ہوئے انکاؤنٹر میں دو جوان زخمی ہو گئے ہیں۔ ڈوڈہ کے سرکاری اسپتال میں زخمی جوانوں کے ابتدائی علاج کے بعد انہیں آرمی ہیلی کاپٹر (چاپر) کے ذریعے آرمی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمی جوانوں کی حالت کے تعلق سے تازہ جانکاری کا انتظار ہے۔ اس سرچ آپریشن میں عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے چاپر کی خدمات بھی لی جا رہی ہیں۔
ڈوڈہ کے جنگلات میں انکاؤنٹر ابھی بھی جاری ہے۔ وہیں اسی کے ساتھ راجوری ضلع کے سندر بنی علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب مشکوک نقل و حرکت دیکھ کر سکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کی۔ واضح رہے کہ جموں ڈویژن میں عسکریت پسندوں کے بڑھتے حملوں کے بعد سے ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی فورسز کی طرف سے مشکوک حرکات کے بعد اس طرح کی فائرنگ کی اطلاعات زیادہ آ رہی ہیں۔
اس سے قبل ڈوڈہ کے بھاٹا دیسا علاقے کے بالائی علاقوں میں بدھ کی درمیانی شب بھی فائرنگ کے مختصر تبادلے کی خبر سامنے آئی تھی۔ اس دوران سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان دو بار گولیاں چلنے کی اطلاع ملی۔ حکام نے بتایا کہ فائرنگ پانچ منٹ تک جاری رہی اور اس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔