جموں: جموں ڈویژن میں بڑھتے ہوئے عسکریت پسند حملوں کے درمیان فوج نے منگل کو راجوری ضلع کے بٹل سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی زخمی ہوا۔
الرٹ فوجیوں نے دراندازی کرنے والے عسکریت پسندوں کو 0300h پر بٹل سیکٹر میں موثر فائرنگ کرکے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ فوج نے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بھاری فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک بہادر زخمی ہوا ہے۔ آپریشن ابھی جاری ہے۔
غور طلب ہے کہ یہ واقعہ راجوری میں وی ڈی سی ممبر کے گھر پر عسکریت پسنددوں کے حملہ کے ایک دن بعد ہوا ہے، جس میں وی ڈی سی ممبر کا رشتہ دار اور ایک فوجی زخمی ہو گئے تھے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اضافی کمک فوری طور پر علاقے میں روانہ کر دی گئی ہے، اور چھپے ہوئے عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں حالیہ عسکریت پسندانہ حملوں کے واقعات کے پیش نظر سیکورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ عسکریت پسندوں سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ حال ہی میں آرمی چیف نے سیکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس بھی کیا تھا۔
